سی ڈی اے شعبہ ریجنل پلاننگ نے زون 4میں قائم ہائوسنگ سوسائٹی غوری ٹائون کو مکمل طور پر غیر قانونی قراردیا

ہفتہ 23 جون 2018 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )کے شعبہ ریجنل پلاننگ نے زون 4میں قائم ہائوسنگ سوسائٹی غوری ٹائون کو مکمل طور پر غیر قانونی قراردیتے ہوئے مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی کے مالکان،اسپانسرز اور منیجمنٹ کے ممبران راجہ علی اکبراینڈ کمپنی،اکبر،چوہدری عبدالرحمان،چوہدری فضل الرحمان،عثمان شکیل عباسی،راجہ جہانزیب اکبر،راجہ سلیمان اکبر سمیت دیگر کو بھی بذریعہ حتمی نوٹس آگاہ کردیاہے کہ ہائوسنگ سوسائٹی کے نام پر لوٹ مار اوردیگرغیر قانونی سرگرمیوں کو فوری طور پر بند کیاجائے بصورت دیگر ہائوسنگ سوسائٹی کے دفاترسمیت غیرقانونی سوسائٹی کے لین دین میں ملوث تمام پراپرٹی دفاتر کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ افرادکے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں عوام الناس کوبھی بذیعہ حتمی اشہار غوری ٹائون کے رحمان ریذیڈنشیا،اکبرا نکلیواورجے ایس بلاک سمیت تمام فیزز اوربلاکس میں پلاٹوں کی خرید و فروخت سے اجتنا ب کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے زون فور میں وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے )سے منظور ی (این اوسی )لئے بغیر کسی بھی قسم کی کمرشل ورہائشی تعمیرات ،ہائوسنگ سکمیز اورہائسنگ سوسائٹیوں کے قیام پر مکمل طو ر پر پابندی عائد ہے۔

تاہم پھر بھی مذکورہ زون میںسی ڈی اے کی منظوری کے بغیر بے شمار ہائوسنگ سوسائٹیز اورسکیمز بنائی جارہی ہیں ،جس پر ایکش لیتے ہوئے سی ڈی اے کے شعبہ ریجنل پلاننگ نے زون فور میں قائم غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹی غوری ٹائون کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔اس ضمن میں گزشتہ روز ڈائریکٹر ریجنل پلاننگ غوری ٹائون کے مالکان ،ڈویلپمرز اورانتظامیہ اورعوام الناس کو بذریعہ حتمی نوٹس متنبہہ کیا ہے کہ سی ڈی اے کے آرڈینینس 1960آئی سی ٹی(زوننگ) ریگولیشنز 1992 اورآئی سی ٹی (زوننگ)ریگولیشنزکے تحت قائم کئے گئے قوائد و ضوابط کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریثری کے زون فور اسلام آباد ہائی وے اورلہتراڑ روڈ پر قائم کی گئی ہائوسنگ سکیم بنا م غوری ٹائون اورمذکورہ سوسائٹی کے تمام بلاکس و فیزز مکمل طور پر غیر قانونی ہیں جن کے قیام کیلئے سی ڈی اے سے منظوری نہیں لی گئی اور منظوری کے بغیر ہہ مذکورہ سوسائٹیوں کے مالکان و انتظامیہ تشہیر اورمارکیٹنگ کررہی ہے جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے سے بلڈنگ پلان کی منظوری حاصل کئے بغیر ہی مذکورہ سوسائٹی کے تمام فیزز اوربلاکس میں رہائشی وکمرشل بلڈنگز اورپلازے تعمیر کئے جارہے ہیں،جوکہ تشویش ناک امر ہے اوراسلام آباد بلڈنگ ریگولیشنز2005پر عمل درآمد نہ کرنا رہائشیوں کی جان ومال کیلئے بھی خطرے کا باعث ہے۔تاہم مذکورہ ہائوسنگ سوسائٹی مالکان ،ڈویلپرز اورانتظامیہ سی ڈی اے کی منظوری کے بغیرپلاٹوں اور جگہ کی تشہیر،بکنگ،الاٹمنٹ،ٹرانسفر اور مارکیٹنگ کو فوری طور پر بند کردے بصورت دیگرسی ڈی اے مذکورہ غیرقانونی سکیمز کے لین دین میں ملوث تمام پراپرٹی دفاتر کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ سخت تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب سی ڈی اے کے شعبہ ریجنل پلاننگ نے آئیسکو،سوئی ناردرن گیس ،پی ٹی سی ایل کو بھی ہدایات جاری کردیں ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اوروفاقی کابینہ کی ہدایات کی روشنی میں مذکورہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کو سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر یوٹیلٹی کنکشنز فراہم نہ کریں۔جبکہ ریجنل ڈائریکٹوریٹ نے عوام الناس کو بھی ان کے وسیع تر مفاد میں بذریعہ حتمی نوٹس مذکوہ غیر قانونی ہائوسنگ میںکسی بھی قسم کی سرمایہ کاری سے اجتناب کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ذیشان کمبوہ ۔