عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابی منشور عوام کے بہتر معیار زندگی کا منبع ہے،میاں افتخار حسین

ہفتہ 23 جون 2018 21:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے این پی کا انتخابی منشور عوام کے بہتر معیار زندگی کا منبع ہے اور اقتدار میں آ کر عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ پی کی65میں ڈاگ بیسود ، خوشمقام اور کندی تازہ دین سمیت مختلف مقامات پر شمولیتی تقاریب اور تنظیمی عہدیداروں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی سرکردہ شخصیات نے مہر شاہ کی قیادت میں اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، میاں افتخار حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں سرخ ٹوپیاں پہنائیں ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اے این پی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، انتقام اور لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کی سیاست کرنے والے قوم کی رہنمائی نہیں کر سکتے ، انہوں نے کہا کہ مرکز سے اپنے صوبے اور قدرتی وسائل پر اپنا اختیار ضرور حاصل کریں گے ، اٹھارویں ترمیم اے این پی کی کامیابی ہے اور بجلی منافع سمیت این ایف سی ایوارڈ میں باقی رہنے والا حق بھی وفاق سے لیں گے ،انہوں نے کہا کہ 100دن میں تبدیلی اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعویدار بتائیں کہ پانچ سال میں خیبر پختونخوا میں کتنے لوگوں کو روزگار دیا ، سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے حلقہ نوشہرہ کو نظر انداز کئے رکھا اور الیکشن قریب آتے ہیں ایک بار پھر عوام کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم نے جب اقتدار چھوڑا اس وقت خزانہ بھرا ہو اتھا جسے سابق حکومت نے بے دردی سے لوٹا اور صوبے کا قرض 37ارب سے 370ارب سے تجاوز کر گیا ، انہوں نے کہا کہ سابق حکومت صوبے کی ناکام ترین حکومت تھی ، مسلسل چار بجٹ لیپس ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے جبکہ پانچواں بجٹ اس لئے پیش نہ کیا جا سکا کہ خزانہ میں کچھ تھا ہی نہیں، انہوں نے کہا مرکز میں وزارت عظمیٰ کی جنگ جاری ہے ،تاہم پختونوں کے حقوق کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی،انہوں نے عوام پر زور دیا کہ اپنے بہتر مستقبل کیلئے اے این پی کے ہاتھ مضبوط کریں اور اپنا قیمتی ووٹ لالٹین کے حق میں استعمال کر کے اپنا مستقبل محفوظ بنائیں۔