چیف سیکریٹری سندھ اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس

متعلقہ افسران محکمہ جاتی روابط کو فروغ دے کر عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائیں،پولنگ اسٹیشنز پر حکومت سندھ کے متعلقہ عملہ کی تعناتی، پینے کے پانی ، بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں، اجلاس میں کئے گئے فیصلے

ہفتہ 23 جون 2018 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت 2018 کے انتخابات میں اہم انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک ، آئی جی پولیس سندھ امجد جاوید سلیم ، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو اقبال حسین درانی ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر عالیہ شاہین ، سیکریٹری داخلہ ہارون احمد خان ، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ذوالفقار علی شاھ، سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر نور عالم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹری داخلہ الیکشن کمیشن، سندھ پولیس اور ڈویزنل و ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ روابط کو فروغ دے کر تمام انتخابات کے پرامن اور منصفانہ انعقاد کے لئے حکمت عملی کو فروغ دینگے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اور سیکریٹری امپلی مینشن پولنگ اسٹیشن سے متعلق ضروریات کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل مستحکم کریں گے۔متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ محکمہ جاتی روابط کو فروغ دے کر عام انتخابات 2018 کے انعقاد کے سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائیں۔

اور پولنگ اسٹیشنز پر حکومت سندھ کے متعلقہ عملہ کی تعناتی، پینے کے پانی ، بجلی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔صوبائی الیکشن کمشنر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 25 جون 2018 کو پولنگ اسٹیشنز متعین کردیئے جائیں گے جن کی فہرست جاری کر دی جائے گی۔