این اے 131 میں سعد رفیق یا عمران خان، عوام نے فیصلہ کردیا

این اے 131 میں 48 فیصد عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ جون 21:14

این اے 131 میں سعد رفیق یا عمران خان، عوام نے فیصلہ کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 20 جون 2018ء) :این اے 131 میں سعد رفیق یا عمران خان، عوام نے فیصلہ کردیا۔ این اے 131 میں 48 فیصد عوام نے عمران خان کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اس وقت ہر جگہ الیکشن کے چرچے ہیں۔ایک جانب عوام الیکشن 2018 کے انتخابات پر نظریں لگائے بیٹھے ہیں تو دوسری جانب سیاسی پنڈت بھی اس الیکشن کو پاکستان کی پارلیمانی سیاست کا اہم سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔

اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل تیسری مرتبہ انتقال اقتدار کا مرحلہ جمہوری طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے۔الیکشن تو 25 جولائی کو ہی انعقاد پذیر ہوں گے مگر انتخابی معرکے کا زور کس کے سر رہے گا اس پر چہ میگوئیاں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں۔ہر سیاسی پہلوان اپنے مخالف کو سیاسی میدان میں شکست دینے کے لیے بیتاب ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مختلف حلقوں میں سروے بھی کروائے جارہے ہیں۔اہم ترین حلقوں میں ہونے والے سروے انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ایک عمومی اندازہ بھی پیش کررہے ہیں جس سے صورتحال واضح ہو رہی ہے کہ کس علاقے میں کس امیدوار کی سیاسی ساکھ زیادہ تگڑی ہے۔اس حوالے سے اہم ترین حلقے این اے 131 میں کئیے گئے سروے نے سیاسی پنڈتوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔یہ وہی حلقہ ہے جہاں سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور سابق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا ٹاکرا ہوگا۔

اس میں دونوں رہنماوں میں کڑا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔اس حوالے سے نجی چینل کی جانب سے کئیے گئے سروے نے صورتحال واضح کر دی ۔نجی ٹی وی چینل کے سروے کے مطابق اس حلقے میں ہونے والا سیاسی مقابلہ بہت قریب قریب رہے گا۔اس حلقے میں عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔عمران خان کو حلقے کی 48 فیصد عوام کی سیاسی ہمدردی حاصل ہے جبکہ 47 فیصد ووٹرز نے اپنا فیصلہ خواجہ سعد رفیق کے حق میں سنایا ہے جبکہ 5 فیصد لوگ وہ ہیں جن کی سیاسی وفاداریاں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے ساتھ ہیں۔