ایم ایم اے’’ ووٹ فار نظام مصطفے ‘‘ کے عنوان سے انتخابی مہم چلائے گی، شاہ محمد اویس نورانی

الیکشن میں جھرلو نہیں پھرنے دیں گے، قوم دھاندلی برداشت نہیں کرے گی، ترجمان ایم ایم اے

ہفتہ 23 جون 2018 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے’ ووٹ فار نظام مصطفے ‘‘ کے عنوان سے انتخابی مہم چلائے گی۔ روٹی، کپڑا اور مکان، سب کا ضامن ہے قرآن کا نعرہ عام کریں گے۔ ہم ایمان اور قرآن کی طاقت سے الیکشن جیتیں گے۔

قوم اپنی محرومیوں کے ذمہ داروں کو ووٹ دینے کی غلطی نہ کرے۔ نظریاتی ووٹرز ووٹ کی طاقت سے نظام مصطفے کو اقتدار میں لانے کے لئے ہمارا ساتھ دے۔ نظام مصطفے کی حکمرانی ہی قوم کے مسائل کا حل ہے۔ ہم اسلام کا پرچم سر بلند کرنے کے لئے سیاست میں آئے ہیں۔ ایم ایم اے کو ملک بھر کے دینی حلقوں کا اعتماد حاصل ہے۔ شریعت کا حامی ہر ووٹر متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ناچ گانے والی پارٹی عبرت کا نشان بننے والی ہے۔ کھلاڑی سیاست کے اناڑی ثابت ہو چکے ہیں۔ قوم برادری ازم اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر منشور کی بنیاد پر ووٹ دینے کی روش اختیار کرے۔ ایم ایم اے کا منشور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا ہے۔ ایم ایم اے کا منشور عوامی جذبات و احساسات کا ترجمان ہے۔ نظام مصطفے کے نفاذ سے ظلم، جبر اور استحصال کا خاتمہ ہو گا۔ عوام دشمن نظام کو بدلے بغیر قوم کا مقدر نہیں بدل سکتا۔ نگران حکومت الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ الیکشن میں جھرلو نہیں پھرنے دیں گے۔ قوم دھاندلی برداشت نہیں کرے گی۔