بورنیو جونیئر سکوائش اوپن، پاکستانی کھلاڑی نور زمان اور محمد حمزہ خان بوائز انڈر 15 سنگلز فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 23 جون 2018 23:07

بورنیو جونیئر سکوائش اوپن، پاکستانی کھلاڑی نور زمان اور محمد حمزہ ..
کوالالمپور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) پاکستانی کھلاڑی نور زمان اور محمد حمزہ خان فتوحات برقرار رکھتے ہوئے بورنیو جونیئر سکوائش اوپن ٹورنامنٹ بوائز انڈر 15 سنگلز فائنل میں پہنچ گئے، بوائز انڈر 17 اور انڈر 19 سنگلز ایونٹس کے سیمی فائنلز میں پاکستانی کھلاڑیوں حماد خان اور ذیشان زیب کو شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ملائیشیا میں جاری ایونٹ میں ہفتہ کو کھیلے گئے بوائز انڈر 15 سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں پاکستانی کھلاڑی نور زمان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف آسٹریلوی کھلاڑی گریگوری چن کو سخت مقابلے کے بعد 12-10، 7-11، 12-10، 4-11 اور 11-6 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد حمزہ خان نے ہم وطن کھلاڑی محمد عماد کو 11-5، 11-8 اور 11-7 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، نور زمان اور محمد حمزہ فائنل میں آج اتوار کو مدمقابل ہوں گے، بوائز انڈر 17 سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں میزبان کھلاڑی کلیفورڈ نے پاکستان کے حماد خان کو کانٹے دار مقابلے کے بعد زیر کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی، حماد خان کو تیسری پوزیشن کے میچ میں آج اتوار کو بھارتی کھلاڑی کا چیلنج درپیش ہو گا، بوائز انڈر 19 سنگلز ایونٹ میں پاکستان کے ذیشان زیب کو حریف ہانگ کانگ کے کھلاڑی یات لونگ چن کے ہاتھوں 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :