واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 23 جون 2018 23:11

سرگودھا۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا مظفر خان سیال نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ التواء کا شکار ریونیو کے جوڈیشنل مقدمات کو تیزی سے نمٹائیں اور چھ ماہ کے اندر فیصلے کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ریونیو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( آر) طارق خان نیازی ‘ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں ‘ فوکل پرسن لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم طیب بشیر چٹھہ، تحصیلدار، نائب تحصیلدار بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ محکمہ ریونیو کا واجبات کی وصولیوں میں اہم کردار ہے اور افسران سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل کو تیز تر بنانے کیلئے اپنے دفاتر سے نکلیں ۔انہوں نے کہاکہ واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کو سو فیصد یقینی بنانے کیلئے سخت نقطہ نظر اپنانے اور مضبوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے لینڈ ریکارڈ کی سو فیصد کمپیوٹرائزیشن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مراکز میں عوام کوریلیف دیں اور شکایات کو کنٹرول کریں ۔ انہوں نے واضع کیا کہ عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا جائیگا اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی سخت کاروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے ایل آر ایم ایس کی ریٹرنگ کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر طارق خان نیازی نے ریونیو ریکوری او رمحکمہ مال سے متعلقہ بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :