اسسٹنٹ کمشنروں کو آئند ہ عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے اختیارات تفویض

ہفتہ 23 جون 2018 23:11

سرگودھا۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو انتخابات 2018ء کے مانیٹرنگ کے اختیارات تفویض کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تحصیلوں کے حساس اور ناپید سہولیات والے پولنگ اسٹیشنوں پر نظر رکھیںاور وہاں پر بجلی اور سیکورٹی کی ضروریات کو مکمل کریں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے کمیٹی روم میں اسسٹنٹ کمشنروں کے خصوصی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اے ڈی سی آر طارق خان نیازی ‘ اے ڈی سی جی ملک آصف اقبال بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ انتخابات کو شفاف ‘ غیر جانبدار اور آزادانہ ماحول میں منعقد کروانا ضلعی انتظامیہ کااہم ٹاسک ہے اور الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق انتخابات کی مانیٹرنگ کی ذمہ دار ی ضلعی وتحصیل انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے نشاندہی کئے گئے ضلع کے پولنگ اسٹیشنوں پر ناپید سہولیات فراہم کی جائیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو متحرک کریں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے اور غیر قانونی بل بورڈ فوری ہٹانے کا ہدایت کی او راس سلسلہ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے انتظامی امور کے حوالہ سے تحصیل کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ سبزی فروٹ اور عام مارکیٹ پر کڑی نظر رکھیں او رگرانفروشوں کو جیلوں میں بند کریں۔

انہوں نے کہاکہ عوام کوریلیف دینے کیلئے وہ اپنے اختیارات کا بھر پور استعمال کریں ۔ انہوں نے تحصیل رورل مراکز صحت پر نظر رکھنے اور ان کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی تحصیل انتظامیہ کو ہیلتھ کونسلوں کی سربراہی ملنے کے بعد ہیلتھ سیکٹر میںقابل ستائش بہتری آئی ہے ۔لیکن ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ڈینگی کے کنٹرول کیلئے چیف افسران بلدیاتی اداروں کو ہر وقت فعال رکھنے اور ڈینگی لاروا کی تلفی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ضلع میں عطائیت کے خاتمہ کیلئے خصوصی مہم کے آغاز کی ہدایت کی او رعطائیت میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیجنے ‘ مراکز سیل کرنے اور مقدمات کی پیروی کرنے کی ہدایت کی۔