انتخابات میں کسی قسم کی کوئی دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی پی او

ہفتہ 23 جون 2018 23:15

شیخوپورہ۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ڈی پی او شیخوپورہ ڈاکٹرسردار غیاث گل نے کہا ہے کہ الیکشن میں کسی قسم کی کوئی دھاندلی برداشت نہیں ہو گی۔ہر محکمے اور سیاسی کارکنوں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر الیکشن کی شفافیت کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہمارے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہوگا۔ہمارا اپنا کردار مہمانوں کا ہے تاہم میڈیا اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔

جہاں کہیں بھی غیر قانونی کوئی حرکت ہو تو صحافی بھائیوں کا فرض ہے کہ وہ بلا تاخیر مجھ تک پہنچائیں۔میرے گھر کے دروزاے اور دفتر آپ کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔اللہ تعالی نے جو ڈیوٹی میرے ذمہ لگائی ہے وہ آپ کی مدد سے مکمل کرکے سرخرو ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اے ایس پی فرحان خان، چیف وارڈن سول ڈیفنس الیاس گجر، صدر پریس کلب شہباز خان،سیکرٹری جنرل شوکت علی ناز، صدر پی ایف یو جے رانا عثمان،چیئرمین پریس کلب ملک محمد بوٹاسمیت دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہا کہ الیکشن کے ساتھ ساتھ جرائم کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔میری تعیناتی کے دوران غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔جرائم پیشہ افراد کے ساتھ آہنی ہاتھ سے نپٹا جائے گا۔نئے آنے والے پولیس افسران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی عمل میں کسی بھی سیاست دان کے آلہ کار بننے کی کوشش نہ کریں۔بلکہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے الیکشن کے عمل کو صاف اور شفاف طریقے سے پائیہ عمل تک پہنچانے میں میرا ساتھ دیں۔