میڈیا اچھے لوگوں کے ساتھ ا چھے کاموں کو بھی اجاگر کرے‘ نگراں وزیر اطلاعات سندھ

ہفتہ 23 جون 2018 23:25

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) نگراںصوبائی وزیر اطلاعات قانون و ماحولیات جمیل یوسف نے کہا ہے کہ ہم اپنی اشیاء کی تشہیر کرتے ہیں لیکن جو ملک ہمیں اتنی قربانیوں کے بعد ملا ہے اس کی قدر نہیں کرتے اور اس کی تشہیر کے لئے کوئی کام یا کردار ادا نہیں کرتے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے دفتر میں پاکستان پرنٹ والیکٹرونک میڈیا فائونڈیشن کے 14رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وفد کچھ دیر ان کے ہمراہ رہا اور فائونڈیشن کے اغراض ومقاصد سے آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ ورکنگ (پیشہ ورانہ) صحافیوں جو مختلف پرنٹ والیکٹرنک میڈیااداروں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ان کی بہتری ،فلاح وبہبود کے لئے قائم کیا گیا ۔مختلف تقریبات اور سیمینارز بھی منعقد کرچکا ہے جبکہ مستقبل میں ایک عالمی میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے اس سلسلے میں حکومت کا تعاون درکار ہے ۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اطلاعات جمیل یوسف نے فائونڈیشن کی کارکردگی اور سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی اچھی چیزوں ،شخصیات اور کاموں کی تشہیر کرنا چاہئے تاکہ عالمی وملکی سطح پر مثبت اور اچھے اثرات جاکر پاکستان کا امیج زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے میں اپنا انفرادی کردار ادا کرسکے ۔بھارت میں بھی کئی ادارے اور تنظیمیں اپنی تشہیر کرتی ہیں لیکن پاکستان میں یہ کمی ہے اس کے لئے ہمیں ملکر مشترکہ طور پر اس سمت میں کام کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں اچھے لوگ پاکستان کی صحیح معنوں میں خدمت کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے نے لندن اسکول آف اکنامکس میں جناح چیئر قائم کرانے میں اہم کردار داد کیا اور اسکول کے بورڈ چیئر مین کو پاکستان میں مختلف منصوبوں اور تعمیری سرگرمیوں سے روشناس کرایا حتیٰ کہ انہیں کہا گیا کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے لیکن ہماری کارکردگی کی وجہ سے وہ پاکستان کا دورہ کرکے گئے ۔

نگراں حکومت مختصر عرصے کے لئے ایک ایجنڈے کے تحت آئی ہے لیکن اس کی معیاد زیادہ ہونی چاہئے تاکہ ماضی کی حکومتوں کی کارکردگی کے حوالے سے کوئی مفصل رپورٹ اور نگراں حکومتی دور کے اچھے کاموں اور اچھی شخصیات کی بھر پور طریقے سے تشہیر کرکے کرپشن ،اقرباء پروری اور پسند وناپسند کی پالیسیوں کو رد کرکے میرٹ پر تقرریاں اور مثبت کاموں کو اجاگر کیا جاسکے۔ وفد میں حامد عابدی ،ڈاکٹر حسین رضا ،محمد علی نقوی ،صابر علی ۔زیڈ ایچ خرم،ریحان ہاشمی اور دیگر بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔