ملک بھر کی طرح ملتان سے بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں گے،جاوید ہاشمی

ہفتہ 23 جون 2018 23:29

ملتان۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ملک بھر کی طرح ملتان سے بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔ 25 جولائی کو ملکی سیاست سے پی ٹی آئی اور پی پی پی کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی اور جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ ملتان فریال چودھری نے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ استحکام پاکستان اور اس خطہ ارض پر بسنے والی اقوام کی ترقی و خوشحالی ہماری سیاست کا محور ہے ، ماضی کی کارکردگی اور عوامی توقعات پر پھر سے پورا اترنے کے لئے ایک نئے عزم کے ساتھ ہم میدان عمل میں آئے ہیں تا کہ قوم کو معاشی بدحالی اور لاقانونیت کے آسیب سے نجات دلوا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فریال چودھری کی لیگی رہنمائوں کو کامیاب کرانے کیلئے کی جانے والی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جاوید ہاشمی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو فریال چودھری کی طرح دن رات محنت کرنا چاہئے تاکہ ملک کی باگ ڈور کو اچھے طریقے سے سنبھال کر بزرگوں کا نام روشن کریں۔ فریال چودھری نے کہا کہ خواتین کارکنان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ ملتان شہر کے لیگی امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے قریہ قریہ نگر نگر جا کر ان کی الیکشن کمپین کروں گی اور اپنے قائد محمد نوازشریف، محمدشہباز شریف اور کلثوم نواز کا پیغام ووٹ کو عزت دو کو گھر گھر پہنچائیں گے۔