امریکہ نے جنوبی کوریا کے ساتھ 2 مزید فوجی مشقیں ملتوی کر دیں

اتوار 24 جون 2018 12:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے جنوبی کوریا کے ساتھ 2 مزید فوجی مشقیں غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی ہیں۔ میٹس نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وہائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کے ساتھ وزارت دفاع میں ملاقات کی۔ انہوں نے 12 جون کو منعقد ہوئی امریکہ شمالی کوریا سربراہی ملاقات کے نتائج کے نفاذ کے عملی طریقوں پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

سربراہ ملاقات کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا نے کمپیوٹر سمولیشن کے ذریعے ہونے والی سالانہ فوجی مشق اٴْلچی فریڈم گارڈین کو معطل کردیا ہے۔پینٹاگون کے ترجمان نے بتایا ہے کہ میٹس نے 2 دیگر مشقیں بھی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو جنوبی کوریا کے ساتھ بحری تبادلے کے نظام کا حصہ ہیں۔ یہ مشقیں آئندہ 3 ماہ میں ہونی تھیں۔ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی مذاکرات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید فیصلوں کا انحصار شمالی کوریا کی جانب سے مذاکرات میں مناسب رویہ جاری رکھنے پر ہے۔ میٹس نے وزارت خارجہ کی شمالی کوریا کے ساتھ سفارتی بات چیت کی حمایت کی۔ تاہم، کانگریس کے بعض ارکان تنقید کر رہے ہیں کہ امریکہ ضرورت سے زیادہ مراعات دے رہا ہے۔