پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان مقررہ تاریخ سے قبل کرنے کا فیصلہ ،25جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابا ت کی وجہ سے صوبے کے نوتعلیمی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان 21جولائی کو کرنے کی تجویزدیدی

اتوار 24 جون 2018 13:40

پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان مقررہ تاریخ ..
لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) پنجاب بھر میںمیٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان مقررہ تاریخ سے قبل کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا ،25جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابا ت کی وجہ سے صوبے کے نوتعلیمی بورڈز نے میٹرک کے نتائج کا اعلان 21جولائی کو کرنے کی تجویزدیدی ۔محکمہ تعلیم کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں عام انتخابات25جولائی کو منعقد کروانے کا اعلان کیا گیا ہے ،جبکہ دوسری طرف لاہور،ملتان،ساہیوال،ڈی جی خان،بہاولپور،فیصل آباد،گوجرانوالہ،راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے نو تعلیمی بورڈز نے بھی امسال میٹرک کے سالانہ ا متحانات کے نتائج کے اعلان کیلئے بھی 24جولائی مقرر کی تھی۔

ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے پیش نظر موجودہ حالات میں مقررہ تاریخ کو میٹرک کے نتائج کا اعلان ممکن نہیں اس لئے سیکنڈری سکول کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق میٹرک کے نتائج کی تاریخ میں تبدیلی کیلئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر پنجاب بھر کے نو تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کا اجلاس گزشتہ روزمنعقد ہو ا،اجلاس میں کنٹرولر ا متحانات لاہوربورڈپروفیسر ناصر جمیل ، کنٹرولر ا متحانات ساہیوال بورڈ، کنٹرولر ا متحانات ملتان بورڈ،کنٹرولر ا متحانات ڈی جی خان بورڈ،کنٹرولر ا متحانات بہاولپور بورڈ،کنٹرولر ا متحانات گوجرانولہ بورڈ،کنٹرولر ا متحانات راولپنڈی بورڈ،کنٹرولر ا متحانات فیصل ّآباد بورڈنے شرکت کی،اجلاس میں متفقہ طورپر میٹرک کے نتائج کا اعلان مقررہ تاریخ سے تین روزقبل21جولائی کو کرنے کی تجویز دی گی ہے ۔

ذرائع کے مطابق صوبہ کے تمام تعلیمی بورڈز کی طرف سے سیکنڈری سکول کے نتائج کے اعلان کی تاریخ میںردوبدل کی سمری ایچ ای ڈی بھجوا دی گئی ہے ،جس کے بعد حتمی منظوری کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی جائیگی۔یاد رہے رواں سال پنجاب بھر کے نو تعلیمی بورڈزنے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج اعلان 24جولائی کو کرنا تھا، جس کیلئے پنجاب حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا تھا۔