Live Updates

زرداری نے سودے بازی اور معاہدے کرکے پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچایا، عمران خان ذاتی طورپرملک سے مخلص ہے،سردار آصف احمد علی

اتوار 24 جون 2018 13:40

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) سابق وزیر خارجہ ،تحریک انصاف کے رہنما سردار آصف احمد علی نے کہا ہے کہ زرداری نے سودے بازی اور معاہدے کرکے پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچایاجبکہ نواز شریف مسلم لیگ ن کو اپنے خلاف ذاتی الزامات کا دفاع کرنے کے لئے استعمال کرکے اسے اپنوں ہاتھوں تباہ کر رہے ہیں وہ اپنی جماعت کو ایک کارپوریٹ کمپنی کی طرح چلا رہے ہیں،موجودہ سیاسی حالات میں پاکستان تحریک انصاف کوسیاسی سمجھوتے کرنا ہونگے جو سیاست اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔

لاہور میں اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ذاتی طورپرملک سے مخلص ہے جبکہ سیاست بہت مشکل کام ہے جس کے لئے صبر وتحمل اور لچک کا مظاہرہ کرنا پڑتاہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دوسروں کے خیالات کو بھی سننا چاہئے۔

(جاری ہے)

سابق صدر پر ویز مشرف کے حوالے ایک سول پر انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم اپنے دور میں این آر او، ایم ایم اے کو بنانے اور ججوں کے خلاف کارروائی کرنے ایسی بہت سے غلطیوں کی بنا پر اپنی پوزیشن خراب کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارا قومی کاز ہے لیکن ہمیں بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات برابری کی بنیاد پر بہتر کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے قومی مفاد کو سبوتاژ کرنے کی کئی بار کوشش کر چکا ہے لیکن ہمیں بھی اپنی صفوں میں موجود وطن دشمن عناصر کو ڈھونڈنا ہو گا،ہمیں یہ کہا جاتا ہے کہ روس ہمارے گرم پانیوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن یہ منصوبہ امریکہ کا ہے جبکہ روس چاہتا ہے کہ پاکستان امریکی جنگ میں شریک نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان فیصلے خود کرے تاکہ مستقبل میں مضبوط اور خوشحال ہو سکے‘ پاکستان کے عوام کو فیصلہ کرنا چاہئے، لوگوں کو چاہئے کہ وہ تبدیلی کو ووٹ دیں جبکہ حکمرانوں کو چاہئے کہ قرضوں کا پیسہ ڈیموں کی تعمیر اور عام لوگوں کے مفاد کے دیگر منصوبوں پر خرچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس منصوبے اور ماہرین دونوں موجود ہیں‘ اعلیٰ قیادت کو اپنے ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دینا چاہئے اور ملکی ترقی کیلئے تبدیلی لاناہو گی‘ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک کو خود مختار اور مضبوط اداروں کی ضرورت ہے تاکہ سب کو مساوی مواقع مل سکیںاورغریب آدمی کوریلیف حاصل ہوسکے‘ انہوں نے کہا کہ باراک اوبامہ نچلے طبقے سے امریکی صدر بنے اسی طرح شفاف انتخابات کویقینی بنانے کیلئے اصولوںکومدنظر رکھنا ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات