روس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور درعا پر بم باری،25فضائی حملے

ایک برس قبل مذکورہ علاقے میں فائر بندی پر آمادگی کے بعد روس کی جانب سے خلاف ورزی کا یہ پہلا واقعہ ہے،نگراںگروپ

اتوار 24 جون 2018 13:50

روس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور درعا پر بم باری،25فضائی حملے
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) روس نے جنوبی شام میں اپوزیشن گروپوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر فضائی حملے کیے۔ شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد السوری کے مطابق تقریبا ایک برس قبل اس علاقے میں فائر بندی پر آمادگی کے بعد روس کی جانب سے یہ خلاف ورزی کا پہلا واقعہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں المرصد کا کہنا تھا کہ روسی طیاروں نے درعا کے مشرق میں دیہی علاقے میں کئی قصبوں پر 25 سے زیادہ فضائی حملے کیے۔

البتہ المرصد جانی نقصان کے حوالے سے معلومات حاصل نہ کر سکا۔یاد رہے کہ جنوبی شام میں درعا، قنیطرہ اور سویداء صوبے کے بعض حصّے اٴْن سیف زونز میں سے ایک زون کا جٴْزو ہیں جو آستانہ بات چیت کے نتیجے میں سامنے آئے تھے۔

(جاری ہے)

روس، امریکا اور اردن نے گزشتہ برس جولائی میں مذکورہ علاقوں میں فائر بندی پر اتفاق رائے کیا تھا۔المرصد نے جمعرات کے روز ایک اعلان میں بتایا تھا کہ گزشتہ چند روز کے دوران درعا صوبے میں شامی حکومت کی بم باری کے سبب 12 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق شامی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ حملوں کے سبب علاقے میں موجود 7.5 لاکھ سے زیادہ افراد کی جانوں کو خطرہ ہے۔درعا کے 70% علاقے پر شامی اپوزیشن کے مختلف گروپوں کا کنٹرول ہے جب کہ داعش تنظیم نے اپنا واجبی سا وجود برقرار رکھا ہوا ہے۔