جوہری معاہدہ آئی سی یو میں داخل،ایران کا چند ہفتوں کے اندر دستبردارہونے کا اعلان

یورپی ممالک سمیت معاہدے کے تمام فریق اس کی حفاظت کرنا چاہیں تو انہیں بہت بڑی قربانی دینا ہوگی،بیان

اتوار 24 جون 2018 13:50

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقجی نے کہا کہ تہران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے طے پایا معاہدہ آخری سانسیں لے رہا ہے اور چند ہفتوں کے بعد ایران اس معاہدے سے نکل جائیگا۔امریکی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں عباس عراقجی نے کہا کہ جوہری سمجھوتہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہے اور وہ آخری سانسیں لے رہا ہے۔

چند ہفتوں کے بعد اس کا کوئی وجود نہیں ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں ایرانی عہدیدار کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کے ساتھ جوہری سمجھوتے کی بقاء کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کا ویڑن واضح نہیں۔ امریکا کے معاہدے سے نکل جانے کے بعد اس کے توازن کو قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔عباس عراقجی کا کہنا تھا کہ اگر یورپی ممالک سمیت معاہدے کے تمام فریق اس کی حفاظت کرنا چاہیں تو انہیں ان سب کو بڑی قربانی دینا ہوگی بالخصوص امریکا کے علیحدہ ہونے اور ایران پر دوبارہ پابندیوں کے حوالے سے دنیا کو کئی مشکلات سے گذرنا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک دوسرے سوال کے جواب میں ایرانی مذاکرات کار کا کہنا تھا کہ یورپ جوہری سمجھوتے کے حوالے سے ایک اچھے پولیس اہلکار کا کردار ادا کررہا ہے مگر ہمیں یورپ کے طریقہ کار سے کوئی دلچسپی نہیں۔ یورپی ممالک کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ایران یا امریکا میں سے کس کے ساتھ ہیں