اسلام آباد ٹیم شاہ لائیلہ بلوچ قومی انڈر 16 ویمنز فٹ بال چمپئن شپ میں باآسانی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کریگی ،ْ عرفان خان نیازی

اتوار 24 جون 2018 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد عرفان خان نیازی نے کہاکہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی ٹیم شاہ لائیلہ بلوچ قومی انڈر 16 ویمنز فٹ بال چمپئن شپ میں شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باآسانی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہا ہے کہ چمپئن شپ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام لاہور میں جاری ہے جس میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی ٹیم کو گروپ بی میں دیا کلب کراچی اور ینگ رائزنگ کلب راولپنڈی کے ساتھ رکھا گیا جبکہ گروپ اے میں سندھ، کراچی یونائیٹڈ ویمنز کلب اور ایبٹ آباد وارئیرز کلب ،گروپ سی میں گلگت بلتستان، وائے آر ایس کلب لیہ، ماڈل ٹائون اکیڈمی لاہور، گروپ ڈی میں پنجاب، کراچی ککرز کلب، کراچی ویمنز کلب کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عرفان نیازی نے بتایاکہ اسلام آباد کی ٹیم نے اپنے لیگ کے میچ میں ینگ رائزنگ سٹار راولپنڈی کے خلاف بھاری مارجن 12-0 گول سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 18 رکنی اسلام آباد خواتین فٹ بال ٹیم میں امان آفتاب، علینہ،ایمان فرخ، ثانیہ بشیر، رمیشانیازی، شازیہ چننا، ایمان مقعید، ماہنور مشتاق، فیضا جبار، لیبا ملک، اقصی افضل، تراب، زرمینہ خان، کاشف جواد، فاطمہ نثار، ماہیم خان، ایمانیہ جنجوعہ اور حی سید شامل ہیں جبکہ محمود احمد کو ٹیم مینجر اور عبدالوحید کو کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور فٹ بال کی ترقی کیلئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر مخدوم سید فیصل صالح حیات اور سیکرٹری جنرل کرنل(ر) احمد یار خان لودھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔