جرمنی نے سوئیڈن کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرادیا

اتوار 24 جون 2018 14:10

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) ورلڈ کپ فٹ بال میں جرمنی نے سوئیڈن کوایک کے مقابلے میں دوگول سے ہرادیا۔سوچی کے فشت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں جرمنی کو ورلڈ کپ میں اپنا سفر برقرار رکھنے کیلیے سوئیڈن کے خلاف لازمی فتح درکار تھی۔

(جاری ہے)

عالمی چیمپئن ٹیم نے شروع سے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سوئیڈن پر اپنی برتری ثابت کی لیکن جرمن شائقین کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب 32ویں منٹ میں اولا ٹوئیوونین نے گول کر کے سوئیڈن کو میچ میں برتری دلا دی جسے انتہائی کوشش کے باوجود جرمن ٹیم پہلے ہاف میں برابر نہ کر سکی ،ْالبتہ دوسرے ہاف کے تیسرے ہی منٹ میں ریوس نے گیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے 82 ویں منٹ میں جرمنی کے اہم ترین دفاعی کھلاڑی جیروم بوٹینگ کو میچ میں دوسرے پیلا کارڈ ملنے پر لال کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور دفاعی چمپئن ٹیم 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔اختتامی لمحات میں سوئیڈش کھلاڑی کے فائول پر جرمنی کو فری کک ملی اور ٹونی کروز نے عمدہ کک کے ساتھ گیند کو جال میں پہنچا کر جرمنی کو شاندار فتح دلادی اور ساتھ ہی ورلڈ کپ سے ممکنہ اخراج سے بھی بچا لیا۔

متعلقہ عنوان :