عراقی فوج کی مشترکہ کمان کا شام میں ایک قصبے پر فضائی حملہ،داعش کے 45 جنگجو ہلاک

ہلاک ہونے والوں میں داعش کا نائب وزیر جنگ ، میڈیا امیر ، البغدادی کا ذاتی پیغام رساں اور گروپ کا پولیس سربراہ شامل

اتوار 24 جون 2018 14:10

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) عراق نے شام کے قصبے ہجین میں تین مکانوں پر مشتمل ایک کمپاؤنڈ پر فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے پینتالیس ارکان ہلاک ہوگئے ۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عراقی فوج کی مشترکہ آپریشنز کمان نے ایک بیان میں اطلاع دی کہ عراقی ایف 16 لڑاکا جیٹ نے شام کے علاقے ہجین میں داعش کے لیڈروں کے ایک اجلاس پر کامیاب فضائی حملہ کیا ہے۔

اس کے نتیجے میں اہداف مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں اور پینتالیس دہشت گرد مارے گئے ۔عراقی لڑاکا جیٹ نے ایک سرنگ کے ذریعے ملے ہوئے تین مکانوں پر بمباری کی تھی۔بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں داعش کا نائب وزیر جنگ ، اس کا ایک میڈیا امیر ، تنظیم کے امیر ابو بکر البغدادی کا ذاتی پیغام رساں اور گروپ کا پولیس سربراہ شامل ہیں۔