حکومت اتنی انتقامی کارروائی کرے جتنا وہ خود برداشت کر سکے‘ عامر ذیشان جرال

اتوار 24 جون 2018 15:40

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رابطہ سیکرٹری سابق پولیٹیکل سیکرٹری عامرذیشان جرال نے سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر کی طرف سے قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین کے خلاف دائر ریفرنس کو چیف الیکشن کمشنر کی جانب ارسال کرنے کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اتنی انتقامی کارروائی کرے جتنا وہ خود برداشت کر سکے۔

چوہدری یاسین کو ان کے حلقہ کے عوام نے مینڈیٹ دیکر اسمبلی میں پہنچایا ہے مگر آج حکومت اپوزیشن لیڈر سے خائف ہو کر اوٹ پٹانگ حرکات کے ذریعے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوامی عدالت نے چوہدری یاسین کے حق میں فیصلہ دیا ہوا ہے ، پی پی پی آزادکشمیر کسی بھی غیر جمہوری اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے تیرہویں آئینی ترمیم کی آڑ میں آزادکشمیر کی عوام کو حاصل شدہ اختیارات سے بھی محروم کر دیا ہے اور وفاق سے ہمارا رشتہ کمزور کرنے کی سازش کی ہے، وہ گزشتہ روز یہاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خطہ میں افراتفری پھیلانا ، سیاسی انتقامی کارروائیاں کرنا کے سوا کچھ بھی ڈیلیور کیا اوراپنی نالائقی چھپانے کیلئے آزادکشمیر کے بہترین جمہوری اور سیاسی روایات داغدار کرنے کی خاطر اپوزیشن لیڈر کے خلاف بے بنیاد اور غیر آئینی ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کر دیا، جھرلو ٹپہ اور دھاندلی زدہ حکومت کے اقدام کو کسی صورت قبول نہیں کرتے، پی پی کے کارکن ہر آزمائش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، 25 جولائی کے بعد وفاق سمیت پاکستان بھر میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی راج قائم ہو گا۔