522بچوں کو ان کے والدین اورسرپرستوں کے سپردکردیا،امریکی محکمہ داخلی سلامتی

کیمپوں میں موجود2053 بچوں کوسرحد پر ان کے تارکِ وطن اہلِ خانہ سے الگ کردیاگیاتھا،بیان

اتوار 24 جون 2018 16:50

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) امریکہ کے محکمہ داخلی سلامتی نے کہاہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے انتظامی حکم نامے کے اجرا کے بعد سے اب تک 522 ایسے بچوں کو ان کے والدین اور سرپرستوں کے سپرد کیا جاچکا ہے جنہیں گزشتہ دو ماہ کے دوران میکسیکو امریکہ سرحد پر ان کے اہلِ خانہ سے جدا کیا گیا تھا۔امریکی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں ہوم لینڈ سکیورٹی ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 16 بچوں کو ان کے خاندان سے ملادیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے اہلکاروں کا خیال ہے کہ بعض ایسے بچے جنہیں ان کے خاندان سے 'زیرو ٹالرنس پالیسی' کے بجائے دیگر وجوہات کے باعث ان کے اہلِ خانہ سے الگ کیا گیا تھا، فی الحال حکام کی تحویل میں ہی رہیں گے۔ان میں وہ بچے بھی شامل ہیں جن کی ان کے ساتھ سرحد پار کرنے والے بڑوں کے ساتھ خونی رشتہ ہونے کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے تک امریکہ میکسیکو سرحد پر قائم خصوصی کیمپوں میں موجود ایسے بچوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی تھی جنہیں ان کے والدین یا اہلِ خانہ کے دیگر افراد سے الگ کردیا گیا تھا۔ ان بچوں میں چند ماہ سے لے کر لڑکپن کی عمر تک کے بچے شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :