پی او اے کی حمایت یافتہ ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے ایشین گیمز کے لیے ٹرائلز کے بغیر ٹیم فائنل کر دی

اتوار 24 جون 2018 18:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) ٹیبل ٹینس کی دو متوازی فیڈریشنز کا معاملہ حل نہ ہو سکا، ایشین گیمز کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ( پی او ای) کی حمایت یافتہ فیڈریشن نے ٹرائلز کے بغیر ٹیم فائنل کر دی جس پر کھلاڑیوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ خواجہ حسن ودود کی فیڈریشن کو تسلیم کرتا ہے جبکہ ایس ایم سبطین کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی حمایت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ حسن ودود کا کہنا ہے کہ ایس ایم سبطین کی فیڈریشن نے من پسند کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرکے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو بھجوا دی ہے جس پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرائلز کے بغیر ٹیم کے چنائو پر کھلاڑیوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ ( پی ایس بی) سے احتجاج کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایسی ٹیم کو این او سی جاری نہ کریں کیونکہ یہ جعلی ٹیم ہے۔ ٹیبل ٹینس کھلاڑیوں نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایشین گیمز کیلئے میرٹ پر ٹیم کا انتخاب کریں گے۔ اس حوالے سے ایس ایم سبطین سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں ، ایشین گیمز کیلئے ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے۔