امسال تمام عازمین حج کیلئے بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار

عازمین حج سعودی حکومت کی نامزدکردہ کمپنی ’’ اعتماد ‘‘کے دس مقامات پر قائم سنٹرز سے بائیو میٹرک تصدیق کر اسکیں گے

اتوار 24 جون 2018 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) سعودی عرب نے امسال تمام عازمین حج کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کو لازمی قرار دیدیا ہے،عازمین حج سعودی حکومت کی نامزدکردہ کمپنی ’’ اعتماد ‘‘کے دس مقامات پر قائم سنٹرز سے پیشگی آگاہ کئے گئے شیڈول کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق کر اسکیں گے ، 6سال سے کم اور 80سال سے زائد عمر کے افراد کو اس عمل سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے یہ سہولت تمام عازمین حج کے لیے مفت فراہم کی جائے گی ۔تمام عازمین حج کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے شیڈول کے مطابق مقررہ وقت کے مطابق اصل بینک رسید ،شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی کے ہمراہ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے متعلقہ سنٹر سے رجوع کریں گے ۔عازمین حج کو ان کے بائیومیٹرک شیڈول کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس کی جائے گی جبکہ مزید معلومات وزرات مذہبی امور کی ویب سائٹ ،ہیلپ لائن اور حاجی کیمپوں سے لی جاسکتی ہے ۔