شاہد خاقان عباسی نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ،ْناراض ووٹر کا شکوہ

کچھ لوگ گیس اور بجلی نہ ملنے پر ناراض ہیں، تھوڑا سا صبر اور کرلیں، منصوبے مکمل ہو رہے ہیں ،ْسابق وزیر اعظم

اتوار 24 جون 2018 18:50

کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) سابق وزیراعظم اور (ن )لیگی امیدوار شاہد خاقان عباسی نے حلقے کے ناراض ووٹرز کو صبر کرنے کی تلقین کردی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی کہوٹہ آمد سے قبل ن لیگی کارکنوں اور ناراض ووٹرز نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ناراض ووٹرز نے کہا کہ کہوٹہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا مگر ایک اینٹ بھی نہیں لگائی ،پنڈی کہوٹہ روڈ دورویہ نہیں بنایا ،یونین کونسلز کو بجلی اور گیس نہیں دی جبکہ 100 کلومیٹر نئی سڑکیں بنانے کا اعلان بھی جھوٹا ثابت ہوا ۔

ناراض ووٹرز اور ن لیگی کارکنوں نے اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کے خلاف احتجاج بھی کیا ،کلرسیداں میں انتخابی مہم سے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ناراض لوگ ذرا صبر کریں ، منصوبوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ملکی مسائل صرف ن لیگ ہی حل کرسکتی ہے،اس حلقے کے زیادہ تر علاقے میں بجلی اور گیس فراہم کی جارہی ہے، کچھ لوگ گیس اور بجلی نہ ملنے پر ناراض ہیں، تھوڑا سا صبر اور کرلیں، منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر شخص جانتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے اور کیا ہونے جا رہا ہے، ہمیں کوئی دعوے یا وعدے کرنے کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان کے عوام نوازشریف کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس حلقے میں اربوں روپے کے فنڈز لگائے گئے ،اس سے پہلے حکومتیں آئیں لیکن کام نہ ہونے کے برابر ہوئے ، کہوٹہ کی سڑک 16 ارب روپے کی لاگت سے تعمیرہورہی ہے،کہوٹہ میں یونیورسٹی کے لیے رقم منظور ہوچکی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف خدمت کی سیاست جبکہ دوسری طرف الزامات اورگالم گلوچ ہے،مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملک کی معیشت بہترکی ہے،سیکیورٹی مسائل کے باوجودہریوسی میں عوام کے پاس جائوں گا۔