ریڑھی گوٹھ کے مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز گیا، سینکڑوں افراد کا پانی کی قلت اور پانی مافیا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، علاقے میں پیدل مارچ

الیکشن کے دوران ووٹ کے بائیکاٹ اوردو روز کے دوران پانی فراہم نہ ہونے کی صورت میں چیئرمین ضلع کونسل کراچی کی آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان

اتوار 24 جون 2018 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) ریڑھی گوٹھ کے مکینوں کے صبر کا پیمانہ ٹوٹ گیا، سینکڑوں افراد کا پانی کی قلت اور پانی مافیا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، علاقے میں پیدل مارچ،الیکشن کے دوران ووٹ کے بائیکاٹ اوردو روز کے دوران پانی فراہم نہ ہونے کی صورت میں چیئرمین ضلع کونسل کراچی کی آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سمندر کنارے آباد ماہی گیروں کی قدیم بستی ریڑھی گوٹھ میں گذشتہ دو ماہ سے پانی کی شدید قلت اور پانی مافیا دائود جت کی طرف سے پانی پر قبضے کیخلاف سینکڑوںلوگ جن میں عورتوں کی بڑی تعداد شامل تھے نے پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ، ابوبکر، محمد حنیف، مصطفی قاسمانی و دیگر کی قیادت میں مین سوزوکی اسٹاپ سے احتجاجی مظاہرہ شروع کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ تھے اور وہ ’’ریڑھی گوٹھ بن گیا کربلا کربلا، پانی دو ووٹ لو، شرم کرو، حیا کرو، پانی کی چوری بند کرو، پینے کیلئے پانی دو، جینے کیلئے پانی دو‘‘ جیسے فلک شگاف نعریبازی کر رہے تھے۔ مظاہرین گوٹھ کے مختلف راستوں، بازاروں اور چوراہوں سے گذرتے ہوئے مین روڈ پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ اس موقع پر پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین محمد علی شاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ سے مسلسل ریڑھی گوٹھ کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، جس کی اہم وجہ پانی مافیا سرغنہ دائود جت کی طرف سے ریڑھی گوٹھ کے پانی پر قبضہ ہے۔

انہوںنے کہا کہ پانی مافیا نے ریڑھی گوٹھ کے غریب عوام کا پانی بند کر کے یزیدیت کی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عادی وڈیروں نے ریڑھی گوٹھ کے ماہی گیروں سے ووٹ حاصل کرنے کیلئے اپنی پرواز جاری رکھی ہوئی ہے، لیکن ہم انہیں کھلے الفاظ میں بتانا چاہتے ہیں کہ جب تک ریڑھی گوٹھ کے پانی سمیت تمام بنیادی مسائل حل نہیں کئے جاتے تب تک ہم الیکشن کے دوران ووٹ کے بائیکاٹ کے اعلان پر قائم رہیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر دو روز کے دوران ریڑھی گوٹھ میں پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو ریڑھی گوٹھ کے ہزاروں ماہی گیر ضلع کونسل کراچی آفس کے سامنے جمع ہوکر دھرنا دیں گے۔ اس موقع پر ابوبکر، محمد حنیف اور مصطفی قاسمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی مافیا سرغنہ دائود جت نے ہمارے پانی پر قبضہ کر کے کربلا کی یاد تازہ کردی ہے، جس کی وجہ سے پورا علاقہ ویران صحراء کا منظر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھروں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے چولہے بھی نہیں جلتے اور چھوٹے بچے پینے کیلئے پانی نہ ملنے پر چیخ و پکار کرتے رہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ خدارا ہمیں پانی کا حق دیا جائے۔