ملی مسلم لیگ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں بڑے جلسے سے کراچی میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا

سیاست کا محور ذاتی مفادات نہیں پاکستان کا استحکام ہے،ماضی گواہ ہے، ہر مشکل وقت میں عوام کی بلا امتیاز خدمت کی ہے، مزمل اقبال ہاشمی

اتوار 24 جون 2018 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) ملی مسلم لیگ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں بڑے جلسے سے کراچی میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ گلشن اقبال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملی مسلم لیگ کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242، این اے 243 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ذاتی مفادات نہیں پاکستان کا استحکام ہے۔

ہمارا ماضی گواہ ہے، ہم نے ہر مشکل وقت میں عوام کی بلا امتیاز خدمت کی ہے۔ جب حکمران سو رہے تھے ہم اس وقت بھی عوام کے ساتھ تھے، الیکشن کے بعد بھی عوام کے ساتھ رہیں گے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے نظریہ پاکستان کے حامل صادق و امین قیادت کو منتخب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کراچی سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جلسے میں ملی مسلم لیگ کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی طور پر چیلنجز کی زد میں ہے، ان حالات میں نظریہ پاکستان سے غداری کے مرتکب افراد کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں صادق و امین قیادت کے آنے سے ہی پاکستان کے مسائل حل ہوں گے۔ ماضی میں حکمرانوں نے اپنے مفادات اور جائیداد کے تحفظ کے لیے ملک و قوم کو فراموش کیا، اب عام انتخابات میں عوام انہیں فراموش کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد کے ذریعے تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ ہماری راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن یہ تمام مشکلات ہمیں عوام کی خدمت سے روک نہیں سکتی۔ ہم انسانیت کی خدمت کے لیے ماضی کی طرح اب بھی کردار ادا کریں گے اور عوام کو ان کے حقوق دلاکر ان کے مسائل کے حل کی راہ نکالیں گے۔