راولپنڈی کینٹ میں نالوں کی سالانہ صفائی کا کام تیزی سے جاری

5.7ملین روپے کے خصوصی فنڈز سے نالوں کی سالانہ صفائی کاکام رواں ہفتے مکمل کر نے کا عزم

اتوار 24 جون 2018 19:20

راولپنڈی 24مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) راولپنڈی کینٹ میں نالوں کی سالانہ صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے ،نالوں کی سالانہ صفائی کے لیے 5.7ملین روپے کے خصوصی فنڈز مختص ۔ ترجمان کینٹ بورڈ قیصر محمود نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ نالوں کی سالانہ صفائی گذشتہ ہفتے بڑے ایکسکویٹر سے شروع کی گئی تھی تاکہ نالوں کی مکمل صفائی ہو سکے اور بارشوں کے موسم میں سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے اور شہری آبادی کو نقصان سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ گذشتہ برس نالوں کی صفائی کے کام پر 6.7ملین روپے خرچ کیے گئے تھے تاھم رواں برس یہی کام ایک ملین روپے کی بچت سے مکمل کیا جائے گا ۔انچارج سینی ٹیشن راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ وارث بھٹی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ نالوں کی صفائی مہم کے دوران پشاور روڈ کی تمام لینوں سے ملحقہ نالے کی مکمل صفائی ،چک مدد خان اور حبیب خان کے قریب ریلوے پل نالہ کی مکمل صفائی ،آدڑہ نالہ ،عزیز آباد اور فیصل کالونی کے نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کینٹ بورڈ حکام نے عزم ظاہر کیاکہ کینٹ کے تمام نالوں کی صفائی کاکام رواں ہفتے میں مکمل کر لیاجائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں وارث بھٹی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ نالوں کی صفائی سالانہ صفائی مہم کا حصہ ہے تاھم شہریوں کو چاہیے کہ وہ کوڑا کرکٹ اور عمارتی سامان نالوں میں پھینکنے کی بجائے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے مختلف مقامات رکھوائے گئے کوڑا دانوں میں پھینکیں اس سے جہاں صفائی کے نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے وہیں نالوں میں طغیانی کے باعث لاحق انسانی آبادی کو خطرات کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔

کینٹ کے شہریوں نے نالوں کی صفائی مہم کے آغاز کا خیرمقدم کیا ہے تاھم کہا ہے کہ نالوں کی صفائی کا کام دن کے اوقات میں شروع کیے جانے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات لاحق ہو گئی ہیں جس کے لے ضروری ہے کہ نالوں کی صفائی کا یہ کام گذشتہ برسوں کی طرح رات کے اوقات میں انجام دیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔