الیکشن کے دوران ملکی اورغیرملکی میڈیا کو انتخابی عمل کے دوران ہونے والی تمام پیشرفت سے بروقت آگاہ رکھنے کیلئے بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی ،متعلقہ اطلاعات کی فراہمی کیلئے صحافی برادری کی تجاویز اور سفارشات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا،نگران وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 جون 2018 19:20

لاہور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) نگران وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران ملکی اورغیرملکی میڈیا کو انتخابی عمل کے دوران ہونے والی تمام پیشرفت سے بروقت آگاہ رکھنے کے لئے بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ متعلقہ اطلاعات کی فراہمی کے لئے صحافی برادری کی تجاویز اور سفارشات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز یہاںمیڈیا سے غیررسمی ملاقات میں گفتگو کے دوران کہی ۔ سیکرٹری انفارمیشن پنجاب بلال احمد بٹ،ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب نبیلہ غضنفر کے علاوہ مختلف چینلز کے بیوروچیفس اور محکمہ اطلاعات وثقافت کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراطلاعات احمد وقاص ریاض نے کہا کہ انتخابی عمل کے انعقاد میںمیڈیا بالخصوص الیکٹرانک میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کی ادائیگی میںبھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے وزیراطلاعات پنجاب اور سیکرٹری انفارمیشن کو اپنے اداروں کے دورے کی دعوت بھی دی۔نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران صوبائی کابینہ شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایات اور اپنے آئینی مینڈیٹ کے مطابق اقدامات کررہی ہے۔

صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے احمد وقاص ریاض نے کہا کہ قوم نے نگران سیٹ اپ سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیںوہ پوری کرنے کیلئے وزیراعلیٰ حسن عسکری رضوی اور ان کی پوری ٹیم دیانتداری کے ساتھ کام کررہی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات،حکومت پنجاب بلال احمد بٹ نے صحافیوں کوشفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے انتظامی امور کے بارے میںبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی محکمہ اطلاعات آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کسی بھی دبائو میں آئے بغیر اپنا کام کررہا ہے ۔

اس حوالے سے صحافی برادری کی تجاویز بڑی اہمیت کی حامل ہیں جن کی روشنی میں کسی بھی مرحلے پر انتظامی امور میںکسی بھی ممکنہ سقم کو دور کیا جائے گا۔انہوں نے پیشہ ورانہ امور کی بجاآوری میں صحافی برادری کو اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا۔