مون سون بارشوں اور سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ضلعی محکمے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں،ڈپٹی کمشنر

اتوار 24 جون 2018 19:20

خانیوال۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ضلعی محکمے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں، ریسکیو1122، سول ڈیفنس ، محکمہ آبپاشی سمیت دیگر متعلقہ محکمے آپس میں روابط کو موثر بنائیں اور موثر لائحہ عمل طے کریں۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ ، اے ڈی سی جی محمد اختر منڈھیرا ، اسسٹنٹ کمشنرز خانیوال ، کبیروالا، جہانیاں اور میاں چنوں آغا ظہیر عباس شیرازی ، شیخ محمد طاہر ، عمران عصمت ، صہیب اقبال ، سی ای اوز ہیلتھ و تعلیم ، ڈی ا و ایمرجنسی ڈاکٹر اعجاز انجم ، سی ڈی او محمد فرحان ، محکمہ آبپاشی کے حکام سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کبیروالا اور میاں چنوں کو ہدایت کی کہ وہ فلڈ ریلیف کیمپوں کا خود معائنہ کریں ،محکمے بارشوں کے دوران پانی نکالنے والی مشینری کو چالو حالت میں رکھیں، انہوں نے کہا کہ فلڈ بندوں سے تجاوزات ہٹانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ،اس موقع پر ڈی او ایمرجنسی ریسکیو 1122ڈاکٹر اعجاز انجم نے ڈی سی کو ریسکیو 1122کی جانب سے کی جانے والی فرضی مشقوں اور دیگر حفاظتی تیاریوں بارے تفصیلی بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :