پولیس کی بروقت کارروائی،ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونیوالے تینوں ڈاکو گرفتار، مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد

اتوار 24 جون 2018 19:20

قصور۔24 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) تھانہ سٹی پتوکی پولیس کی بروقت کارروائی،ہائوس ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے تینوں ڈاکودو گھنٹوں کے تعاقب کے بعد رنگے ہاتھوں گرفتار،ملزمان کے قبضہ سے واردات کے دوران چھینا گیا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد۔تفصیلات کے مطابق پرانی منڈی پتوکی کے رہائشی مولوی نظام الدین کے گھر میں تین نامعلوم ملزمان مسلح آتشیں اسلحہ داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر سے نقدی،طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چھین لیے ،شور سن کر محلہ دار اکٹھے ہوگئے تو ایک ملزم کو محلہ داروں نے قابوکرلیا جبکہ بقایا دو ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،محلہ داروں کی اطلاع پر تھانہ سٹی پتوکی پولیس بھاری نفری کیساتھ فوری موقعہ پر پہنچی اوربقایا ملزمان کا تعاقب شروع کردیا ،دو گھنٹے کے تعاقب کے بعد ایک ملزم کو ملتان روڈجبکہ تیسرے ملزم کو جمبر اڈا کے قریب سے گرفتارکرلیا گیا ،تینوں ملزمان نے اپنے نام سہیل عرف سہیلی،غلام حیسن اور شہزاد بتائے ۔

(جاری ہے)

ملزمان پتوکی اور اسکے گردونواح میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث نکلے ،تھانہ سٹی پتوکی پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے نقدی 48ہزار روپے،طلائی زیورات،موبائل فون ،دیگر قیمتی سامان اور تین عدد پسٹل برآمد کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ڈی پی اوقصور منتظر مہدی نے بروقت کارروائی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر تھانہ سٹی پتوکی پولیس کو شاباش دی جبکہ شہری حلقوں نے بھی بروقت کارروائی کرنے پر پولیس کوزبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔