گورنرِ ہائوس کراچی میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کا الیکشن سیل قائم کر کے سندھ میں قبل از انتخابات دھاندلی کا آغاز کردیا گیا، وقار مہدی

اتوار 24 جون 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اس امر پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنرِ ہاوس کراچی میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کا الیکشن سیل قائم کر کے سندھ باالخصوص کراچی میں قبل از انتخابات دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن و وفاقی نگران حکومت معاملے کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے سندھ کی عوام کے مینڈیٹ کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب و ناکام بنائیں۔

اپنے بیان میں وقار مھدی نے کہا کہ دروغ گوئی، دھاندلی اور اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لیئے قومی وسائل کا بے دریغ استعمال شریف برادران اور ان کی پوری جماعت کا وطیرہ ہے، اور انہی قابلِ مذمت روایات کو زندہ رکھتے ہوئے، گورنر ہاوس میں قائم کردہ الیکشن سیل کا مقصد مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومینٹ کے لیئے انتخابات میں دھاندھلی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کو خصوصا کراچی میں انجینئر کرنے کے لیئے مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کا گٹھ جوڑ ایک کھلا راز ہے۔ وقار مھدی نے کہا کہ موجودہ گورنرِ سندھ کی موجودگی میں غیرجانبدارانہ اور صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی جانب سے طوطا چشمی نے بھی ان کی کارکردگی اور غیرجانبداری پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور یہ معاملہ ان کے لیئے ٹیسٹ کیس ہے۔

اگر اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قدم نہ اٹھایا گیا تو، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت پرعوام کا اعتماد ختم ہو جائیگا۔ وقار مھدی نے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کے مینڈیٹ پر نقب زنی روکنے اور کراچی میں آزادانہ اور صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیئے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں۔