انتخابات غیر جانبدارانہ اور شفاف نہ ہوئے تو جمہورت اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا‘شہبازشریف

عوام کارکردگی کے مقابلے میں کھوکھلے وعدوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دینگے خدمت کرنے والوں کو ووٹ دینگے ‘صدر مسلم لیگ (ن)

اتوار 24 جون 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر عام انتخابات غیر جانبدارانہ اور شفاف نہ ہوئے تو جمہوریتاور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وفد کی قیادت لائرز فورم کے صدر نصیر بھٹہ نے کی جبکہ اس موقع پر سنٹرل میڈیا کمیٹی کے صدر سید مشاہد حسین بھی موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ میاں نواز شریف انشاء اللہ جلد وطن واپس آ کر انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ الیکشن بروقت ہونا انتہائی ضروری ہے۔اس الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ کس پارٹی نے خدمت کی اور کس نے ڈھونگ رچائے۔

(جاری ہے)

25جولائی کو ایک طرف ہماری کارکردگی ہوگی تو دوسری طرف کھوکھلے وعدے ہوں گے۔ عوام کارکردگی کے مقابلے میں کھوکھلے وعدوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیں گے اورخدمت کرنے والوں کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی دو بڑے مسائل تھے جو نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے حل کر دیئے ہیں۔

بجلی کے کئی نئے منصوبے لگ چکے ہیںجن سے ملک لوڈ شیڈنگ کا بحران ختم ہو چکا ہے۔ شدید ترین گرمی میں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی اورآج نگران حکومت کے دور میں بھی لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں عوام، فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کو شکست دی۔ آج دہشت گردی کی کمر ٹوٹنے سے پورے ملک میں امن بھی قائم ہو چکا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ اللہ نے موقع دیا تو انشاء اللہ اگلے 5 برس میں پاکستان کو قائد اعظم ؒاور علامہ اقبال ؒ کا پاکستان بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔ ملک کے طول و عرض میں عوام کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کریں گے۔ اگلے پانچ برس میں ہماری پہلی ترجیح بھاشا ڈیم کی تعمیر ہو گی۔

پروٹوکول کی باتیں کرنے والے نہ بھولیں کہ عوام کی خدمت کے لئے موٹر سائیکلوں اور سیلاب کے دنوں میں پانیوں میں بھی عوام کا خادم شہباز شریف ہی پھرتا تھا۔نیازی نے کھوکھلے دعوے کئے جبکہ میں نے نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے چپے چپے پر عوام کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو ممکن بنانے میں مسلم لیگی کاکنوں اور لائرز فورم کا کلیدی کردار ہو گا۔

ہمیں پوری کوشش کرنا ہو گی کہ پولنگ کا عمل بلا رکاوٹ اور شفاف طریقے سے جاری رہے۔اس کے لیے لائرز فورم ہر ضلع و تحصیل کی سطح پر لیگل ایڈ کمیٹیاں تشکیل دے ۔ لیگل ایڈ کمیٹیاں دھاندلی اور امیدواران کو ہراساں کرنے کی صورت میں قانونی امداد فراہم کریں ۔ مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو انتخابی مہم کے دوران ہر قسم کی قانونی مدد فراہم کی جائے ۔

لائرز فورم ہر پولنگ سٹیشن پر اپنے نمائندے مقرر کرے تاکہ دھاندلی کو روکا جاسکے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات کے لئے تیار ہے۔ ہم نے کل بھی جمہوریت کا تحفظ کیا تھااورآئندہ بھی جمہوریت کا تحفظ کریں گے۔ اس موقع پر میاں شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کو جلد صحتیاب فرمائے اورور میاں نوازشریف، بیگم کلثوم اور مریم نواز جلد وطن واپس آ کر عوام کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنا سکیں۔