اے این پی کا خیبر پختونخوا میں ہونے والی بیورکریسی کی اکھاڑ پچھاڑ پر تحفظات کا اظہار

صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے تقرریوں وتبادلوں کا ڈھونگ رچایا گیا ،سابق حکومت کے مراعات یافتہ افسران کے اضلاع تبدیل کر دیئے گئے ، پنجاب میں 60کے لگ بھگ سیاسی مراعات یافتہ افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا جبکہ یہاں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا، میاں افتخار حسین

اتوار 24 جون 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے خیبر پختونخوا میں ہونے والی بیورکریسی کی اکھاڑ پچھاڑ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی ناکامی قرار دیا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے تقرریوں وتبادلوں کا ڈھونگ رچایا گیا اور سابق حکومت کے مراعات یافتہ افسران کے اضلاع تبدیل کر دیئے گئے ، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 60کے لگ بھگ سیاسی مراعات یافتہ افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا جبکہ یہاں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا اور نہ ہی کسی او ایس ڈی کو اوپر لایا گیا ، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر شفاف انتخابات کے حق میں ہے تو نیک نیتی ان ٹرانسفرز پر نظر ثانی کرے جبکہ نگران حکومت کو اس معاملے کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ سیاسی اثرو رسوخ رکھنے والے افسران کو کھڈے لائن نہ لگایا گیا تو الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں ، سابق دور کے ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز تبدیل کرنے کی بجائے انہیں دوسرے اضلاع منتقل کر دیا گیا ہے جو کسی طور قابل برداشت نہیں ہے