گیس چوری اور لیکج کی مد میں عوام سی21ارب وصول کرنا ظلم عظیم ہے،فیصلہ واپس لیاجائے‘میاں مقصود احمد

گیس کی قیمتوں میں ہونیوالے اضافے کو فی الفور واپس نہ لیاگیاتوعوام سراپااحتجاج بن جائیں گے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 24 جون 2018 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے اوگراکی جانب سے گھریلوصارفین کے لیے گیس300فیصدمہنگی کرنے کی منظوری دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام پر پہلے ہی پٹرول بم گرایاگیا اور اب گیس کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ کردیا گیا ہے۔حکمرانوں کے اس ظالمانہ اقدام سے عوام کو شدید مایوس ہوئی ہے۔

یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے نگران حکومت بھی مسلم لیگ(ن)کی پالیسیوں کے تسلسل کوجاری رکھے ہوئے ہے اور اس کوبھی عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔انہوں نے کہاکہ اوگرانے اوسط گیس قیمت میں234روپے کااضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت629روپے فی ایم ایم بی ٹی یومقررکردی ہے۔اس پر ستم بالائے ستم گیس چوری اور لیکج کی مد میں ہونے الے 21ارب روپے کے نقصان کاخمیازہ بھی غریب عوام بھگتیں گے اور اتنی بڑی خطیر رقم ان کی جیبوں سے نکالی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے گیس کی قیمتیںمصنوعی طریقے سے 4سال تک برقرار رکھیں،اب اس کاخمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔گیس کے نرخوں میں ہوشربااضافے کے نتیجے میں ملک بھر میں مہنگائی کاطوفان آئے گا۔انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ ناانصافی پر مبنی پالیسیاں اور امتیازی سلوک بند ہوناچاہئے۔

سابقہ حکومت نے گیس انفراسٹرکچرکی تعمیرکے لیے جمع ہونے والی رقم میٹروسمیت دیگرمنصوبوں پر خرچ کردی تھی۔انہوں نے کہاکہ نگران وزیر اعظم ناصرالملک گیس کے نرخوں میں اضافے کافوری نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں اضافے کی بجائے کچھ کمی آسکے ۔لوگ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔فی کس آمدن ضروریات زندگی سے کہیں کم ہے۔

عوام کی قوت خریدپہلے ہی بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ گیس کی لیکج اور چوری روکنے میں ناکامی کاسارابوجھ غریب عوام پر ڈالنا ظلم عظیم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔حکمرانوں نے اگردانشمندانہ فیصلے نہ کیے اور گیس کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو فی الفور واپس نہ لیاگیاتوعوام سراپااحتجاج بن جائیں گے۔