پاکستان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ (سرکٹ ٹو) مین اور ویمن (آج )سے پنجاب سکواش کمپلیکس لاہور میں شروع ہوگی

اتوار 24 جون 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) ایس این جی پی ایل پاکستان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ (سرکٹ ٹو) مین اور ویمن آج بروز( پیر ) سے پنجاب سکواش کمپلیکس لاہور میں شروع ہوگی۔ افتتاحی تقریب صبح گیارہ بجے ہوگی جس کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایس این جی پی ایل امجد لطیف ہوں گے۔اس موقع پر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹرندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، پاکستان سکواش فیڈریشن کے نمائندے، کوچز اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہوگی۔

(جاری ہے)

مینز کھلاڑیوں کی انعامی رقم دس ہزار ڈالر جبکہ خواتین کی انعامی رقم پانچ ہزار ڈالر ہے۔ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔پنجاب سکواش کمپلیکس کو بہترین طریقے سے سجایا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی انٹرنیشنل رینکنگ بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔جنرل سیکرٹری ایس این جی پی ایل سپورٹس سیل اشرف ندیم کے مطابق سوئی گیس کے کھلاڑیوں نے اپنی تیاریاں زورو شور سے شروع کرلی ہیں۔اس موقع پر پاکستان بھر سے سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی آمد بھی متوقع ہے۔