”تنازعات کے شہنشاہ“عمر اکمل نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا

آئی سی سی نے متنازع بیان پر تحقیقات کا آغاز کردیا، پاکستان کرکٹ بورڈ بھی ان ایکشن

اتوار 24 جون 2018 20:40

”تنازعات کے شہنشاہ“عمر اکمل نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا
 لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جون 2018 ء) 15فروری 2015ءکو ایڈیلیڈ اوول،آسٹریلیا میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ون ڈے انٹر نیشنل میچ کودنیا بھرمیں ٹیلی ویژن پر تقریباً 288 ملین لوگوں نے دیکھا اور اسے کھیلوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ قرار دیا گیا تھا تاہم اب قومی ٹیم سے باہر بلے باز عمر اکمل نے اس میچ کے بارے میں بیان دے کر اس کے بارے میں شکوک شبہات پیدا کردیے ہیں۔

عمر اکمل نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں 2015 ءکے ورلڈ کپ میں میچ فکس کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔ایک نجی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں دو گیندیں نہ کھیلنے پر 2لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی تھی، جب بھی میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کھیلتا تو مجھے پیشکش کی جاتی تھی کہ میچ نہ کھیلوں اس کے عوض مجھے پیسوں کی پیشکش کی جاتی تھی لیکن میرا سٹے بازوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں اپنے ملک کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

عمر اکمل نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے ان پیشکشوں کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو دی تھی یا نہیں کیوں کہ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو سٹے باز کی جانب سے پیشکش ہوتی ہے تو اسے اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ کو کرنا ہوتی ہے۔اسی طرح کی پیشکش کو چھپانے پر فاسٹ باﺅلر محمد عرفان کو پابندی اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے عمر اکمل ان فٹ قرار دے کر واپس بھیج دیا گیا تھا جس کے بعد عمر اکمل پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

ادھر ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے اس پیشکش کے بارے میں ٹیم انتظامیہ اور آئی سی سی کو نہیں بتایا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے عمر اکمل کے متنازع بیان پر ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ آئی سی سی ترجمان سمیع الحسن نے بتایا کہ ہم عمر اکمل کےخلاف تحقیقات کا آغاز کررہے ہیں اور فوری طور پر عمر اکمل سے ملاقا ت کرکے ان کا مﺅقف جاننا چاہیں گے، ہمارا اینٹی کرپشن یونٹ کھیل سے کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہا ہے اور اس بارے کسی کے پاس معلومات ہوں تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ عمر اکمل کے بیان کا جائزہ لے رہا ہے اور تفصیلات جاننے کے بعد ردعمل دیا جائے گا۔یاد رہے کہ عمر اکمل پی ایس ایل3میں لاہور قلندرز کیلئے کارکردگی دکھانے میں ناکام پر ٹیم سے ڈراپ ہوگئے تھے۔