Live Updates

ماضی کے منتخب ممبران اسمبلی نے نفرت اور تعصب کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا‘علی خان جدون

اتوار 24 جون 2018 21:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 16 علی خان جدون نے کہا ہے کہ ماضی کے منتخب ممبران اسمبلی نے نفرت اور تعصب کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا مگر عوام اب ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ وہ نڑیاں میں اورنگزیب خان اور صابر خان کے زیر اہتمام انتخابی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔

میٹنگ سے صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 39 کے امیدوار مشتاق احمد غنی اور میزبان اورنگزیب خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پروگرام منتظمین کے ہمراہ صفدر خان ، جہانزیب خان جدون ، خالد خان ، منظور خان اور ریاض خان کے علاوہ عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیگی قیادت نے عوام کے پیسوں سے بیرون ملک اکاؤنٹ بھرے جس کے باعث ملک کا ہر بچہ 1 لاکھ 25 ہزار روپے کا مقروض ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیڈر عوام کے درمیان ہوتا ہے اور عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی پوری قیادت عوام سے ہر وقت رابطے میں رہتی ہے اور عمران خان منتخب ہو کر عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔ سابق صوبائی وزیر مشتاق احمد غنی نے پی ٹی آئی کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ارب روپے سے مری روڈ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ جبکہ نڑیاں روڈ ، ٹیوب ویل اور گلیوں کی پختگی کی مد میں 1کروڑ 80لاکھ روپے منظور ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے اور عمران خان نے اقتدار میں آکر ایک کروڑ نوکریوں کا جو وعدہ کیا ہے وہ ضرور پورا ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات