جڑانوالہ، رائے اعجاز کھرل اور رائے عثمان کھرل خاندان کے مابین سیاسی اختلافات کھل کر سامنے آگئے

اتوار 24 جون 2018 21:20

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) جڑانوالہ رائے اعجاز کھرل اور رائے عثمان کھرل خاندان کے مابین سیاسی اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم پی اے رائے اعجاز حسین کھرل اور سابق ایم پی اے و امیدوار حلقہ پی پی 102 ن لیگ رائے عثمان کھرل خاندان کے مابین سیاسی اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ خاندانی سیاسی اختلافات الیکشن 2013 میں اس وقت سامنے آئے جب سابق حلقہ پی پی 55سے رائے عثمان کھرل کی جانب سے ن لیگ کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا مگر 2008 کے الیکشن میں منتخب ہونے والے ان کے کزن سابق ایم پی اے رائے اعجاز نے ان کی مخالفت کی مگر خاندانی سرپنچوں کے فیصلہ پر رائے اعجاز کو 2013 کے الیکشن میں رائے عثمان کھرل کے حق میں دستبردار ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

2013 کے الیکشن میں پیدا ہونے والے سیاسی اختلافات دوبارہ کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ رائے عثمان کھرل ن لیگ کی ٹکٹ پر حلقہ پی پی 102 میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ جبکہ ان کے کزن سابق ایم پی اے رائے اعجاز کھرل نے رائے عثمان کی حمایت کرنے کی بجائے حلقہ این اے 103 میں تحریک لبیک پاکستان کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اور ساتھیوں سمیت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یاد رہے کہ رائے اعجاز حسین کھرل نے تین مئی 2018 کو حلقہ پی پی 101 میں ٹکٹ دینے کے وعدہ پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی مگر ٹکٹ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کو بھی خیر آباد کر دیا ہے۔