ضلع جھنگ میں کل 14لاکھ 25ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

اتوار 24 جون 2018 21:20

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جھنگ جاوید اقبال چٹھہ نے بتایا کہ ضلع جھنگ میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے عام انتخابات میں کل 1425801 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے 1210پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں232زنانہ ، 253مردانہ اور 725مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں نیز1613مردانہ پولنگ بوتھس اور1395زنانہ پولنگ بوتھس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں 1210 پریذائیڈنگ آفیسرز،6016 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز،3008 پولنگ آفیسرزاور1210 نائب قاصد تعینات کئے گئے ہیں اسی طرح سکیورٹی پوائنٹ ۱ٓف ویو سے ان پولنگ اسٹیشنز کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ووٹرز پرسکون و خوشگوار ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عام انتخابات جولائی 2018ء کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ۱ٓف پاکستان کے ہر حکم کی پابندی ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کیلئے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مانیٹرنگ ٹیمیں اپنے اپنے حلقے میں الیکشن کمیشن کی طر ف سے جاری کر دہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کرانے کی پابند ہونگی ۔

علاوہ ازیں خلاف ورزی کی صورت میں مانیٹرنگ ٹیمیں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو رپورٹ کریں گی ۔انہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں عام انتخابات کے سلسلہ میں امیدواران کے جلسے ، جلو س اور ریلیوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر اور مسلسل ڈی ایم او کو رپورٹ پیش کریں گی ۔ انہوںنے کہا کہ بغیر اجازت جلسے ، جلوس اور ریلیوں پر پابندی ہوگی جبکہ وال چاکنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ میڈیا بھی شفاف انتخابات کے ضمن میں الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کرے گا۔