سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف دوروزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے

انتخابی مہم کا آغاز حلقہ انتخاب این اے 249 سے کریں گے

اتوار 24 جون 2018 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن )کے مرکزی صدر اورسابق وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف پیر کودوروزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے وہ کراچی میں اپنے اورمسلم لیگی رہنماؤں کے حلقہ انتخاب کا دورہ بھی کریں گے۔ مسلم لیگ (ن )سندھ کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر کے مطابق میاں شہباز شریف پیرکو کراچی پہنچیں گے کراچی آمد کے بعد میاں شہبازشریف فیڈریشن چیمبرآف کامرس کا دورہ اورصنعت کاروں سے ملاقات کے علاوہ تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

شہبازشریف کے اعزازمیں سابق وفاقی وزیرخزانہ اورمسلم لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے پیرکو ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے ظہرانے میں شرکت کے علاوہ میاں شہبازشریف مقامی ہوٹل میں پارٹی رہنماؤں اورکراچی سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات سے ملاقاتوں کے بعد شام کوحلقہ انتخاب این اے 249 کا دورہ کریں گے اورمختلف مقامات پرانتخابی کارنرمیٹنگز سے خطاب کریں گے جبکہ مفتاح اسماعیل سمیت دیگرمسلم لیگی امیدواروں کے حلقوں کا دورہ بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

میاں شہبازشریف اپنے دورہ کراچی کے دوسرے روز ممتاز صنعتکاراورمسلم لیگی رہنما اشتیاق بیگ کی رہائشگاہ پرتاجروں سے ملاقات اوربعدازاں سینئرصحافیوں سے ملاقات کریں گے منگل کی شام شہبازشریف لیاری کا دورہ کریں گے اوراین اے 238 دائودچورنگی ضلع ملیر پرمسلم لیگ( ن)سندھ کے صدراورقومی اسمبلی کے لیے مسلم لیگ کے امیدوار شاہ محمد شاہ کے انتخابی حلقہ میں شام 5 بجے عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے اورکراچی کے حوالے سے انتخابی ترجیحات/ منشور کا اعلان بھی کریں گے۔#