حلقہ این اے 54،بڈھانہ کلاں کی گجر برادری نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران ملک احسان گجر اور ملک سرفراز گجر کا پیپلز پارٹی کی قیادت اور منشور پر اعتماد کا اظہار

اتوار جون 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2018ء) حلقہ این اے 54 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ عمران اشرف کی کوششوں سے بڈھانہ کلاں کی گجر برادری کے رہنماوٴْں ملک احسان گجر اور ملک سرفراز گجر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماوٴْں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور منشور پر اعتماد کا اظہار کیا اور تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ کر اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر آصف زرداری نے گجر برادری کے گلے شکوے دور کئے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں اپنے تمام ورکرز کی طرح گجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے بھی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

سابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 25 جولائی کے انتخابات میں عوامی حمایت سے تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔ گجر برادری کے رہنماوٴْں نے پیپلز پارٹی کے سابق دور میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو سراہا اور علاقے کی ترقی کے لئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے کردار کی تعریف کی۔

گحر برادری کے رہنماوٴْں نے تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر تحریک انصاف کو خیر آباد کہا ہے۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری ، پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، حاجی نواز کھوکھر اور چوہدری منظور بھی شریک ہوئے۔