پانی کی عدم فراہمی اور غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف جمعہ کو شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ،حافظ نعیم الرحمن

پانی کے حصول کے لیے عوامی تحریک جاری رہے گی ،ْ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو ایک بڑے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،پریس کانفرنس سے خطاب تعصب کی بنیاد پر 30سال تک شہر کا استحصال کیا گیا ، قومی وصوبائی الیکشن میں کراچی کے عوام ماضی کی قیادت سے انتقام لیں

اتوار 24 جون 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر وصدر متحد ہ مجلس عمل کراچی اور این اے 250کے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ پانی کی عدم فراہمی اورغیر منصفانہ تقسیم کے خلاف 29جون جمعہ کے روز شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ، پانی کی عدم فراہمی کے خلاف عوامی تحریک جاری رہے گی اور ایم ڈی واٹر بورڈ کے ساتھ مذاکرات بھی جاری رکھیں گے اگر پھر بھی پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ایک بڑے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ، پانی کے مسئلہ کو جان بوجھ کر بڑا مسئلہ بنایا جارہا ہے ، پانی کی قلت اور غیر منصفانہ تقسیم کی ذمہ داپیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہے جس نے ضلع غربی کے پانی کو بحریہ ٹاؤن کو فروخت کیا ، تعصب کی بنیاد پر 30سال تک شہر کا استحصال کیا گیا ، قومی وصوبائی الیکشن میں کراچی کے عوام ماضی کا انتقام لیں گے اور شکست سے دوچار کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارا نہو ں نے بنارس چوک پر عوامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پریس کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسحاق خان ، امیر ضلع غربی و نامزد امیدوار پی ایس 120عبد الرزاق خان ، نائب امیر ضلع غربی فضل احد حنیف ، یوسی 14بنارس کے چیئرمین نواز خان ، یوسی 15کے وائس چیئرمین عبد الجلیل شمسی ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و پی ایس 116کے نامزد امیدوار مولانا عمر صادق ، بلدیہ ٹاؤن کے عثمان اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں ایم ڈی واٹر بورڈ نے پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود ضلع غربی کو ایک بوند پانی میسر نہیں ہوا ، اس وقت شہر کی بیشتر آبادی میں پانی کا شدید بحران ہے ،ضلع غربی گزشہ کئی ماہ سے پانی کے بحران کا شکار ہے ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ضلع غربی کے پانی کو بحریہ ٹاؤن کو فروخت کردیا ، ضلع غربی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، شرم کا مقام ہے ان حکمرانوں پر جنہوں نے معصوم بچوں اور بچیوں کو پینے کے لیے پانی کے حصول کے لیے پانی کی بھیگ مانگنے پر مجبور کردیا۔

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی صحیح قیادت کا انتخاب کریں ورنہ یہی بے ضمیر حکمران انسانوں کو فروخت کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔ قومی وصوبائی الیکشن ہونے والے ہیں دوسری جانب برساتی مینڈک آرہے ہیں اور پھر سے کراچی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہم ان سے کہنا چاہتے ہیں کہ کراچی کے عوام اب بیدار ہوچکے ہیں ،کراچی کے لوگ تم سے ماضی کا انتقام لیں گے اور عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے ۔

عبد الرزاق خان نے کہاکہ ہم ایم ڈی واٹر بورڈ سے کہنا چاہتے ہیں کہ اگر اہلیان اورنگی کو پانی فراہم نہیں کیا گیا یہ عوام اپنا حق حاصل کرنے کے لیے آپ کے گریبان تک بھی پہنچ سکتے ہیں ۔ ٹینکر مافیا اور ہائیڈرینٹ پر وافر مقدا ر پر پانی موجود ہے لیکن پانی کی لائینوں میں پانی نہیں دیا جارہا ۔ ہم وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہیں کہ پانی کی عدم فراہمی کے خلاف فوری نوٹس لیں اور ضلع غربی کے عوام کے لیے پانی کی فراہمی کو ممکن بنائیں ۔ اگر پھر بھی پانی فراہم نہیں کیا گیا تو ضلع غربی کے عوام شاہراہ فیصل کو جام کردیں گے ۔