چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ، آسٹریلیا نے پاکستان کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا دیا

بھارت نے ارجنٹائن اور ہالینڈ نے بیلجیئم کو شکست دی

اتوار 24 جون 2018 22:30

ایمسٹرڈیم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو زبردست مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا دیا، یہ پاکستان کی متواتر دوسری شکست ہے، گرین شرٹس کو پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بھارت نے ارجنٹائن کو ہرا کر مسلسل دوسری فتح حاصل کی جبکہ ہالینڈ نے بیلجیئم کو زیر کر کے پہلی کامیابی سمیٹی۔

(جاری ہے)

ہالینڈ میں جاری ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے ایک میچ میں آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا، گرین شرٹس کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم قسمت نے اس کا ساتھ نہ دیا اور آسٹریلیا نے پاکستان کو 1 کے مقابلے میں 2 گولز سے ہرا کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی، یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں متواتر دوسری شکست ہے، میچ کے نویں منٹس میں پاکستان کے اعجاز احمد نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی تاہم تین منٹس بعد ہی آسٹریلیا کے ٹرینٹ مٹن نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے بھرپور فائٹ کی تاہم 56ویں منٹس میں آسٹریلیا کے بلیک گوورز نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی اور آسٹریلیا کی یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اسطرح آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-1 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی، ایک اور میچ میں بھارت نے ارجنٹائن کو 2-1 گولز سے زیر کر کے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ ہالینڈ نے بیلجیئم کو 6-1 گولز کے واضح مارجن سے ہرایا۔