بین الاقوامی دن برائے انسداد منشیات و ترسیل ، منشیات سے آگاہی پینٹنگ کمپٹیشن اوراسٹیج ڈرامہ کا انعقاد کیا جائیگا

اتوار 24 جون 2018 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) اے این ایف کی جانب سی26 جون 2018 کو بین الاقوامی دن برائے انسداد منشیات و ترسیل قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے منشیات سے آگاہی پینٹنگ کمپٹیشن اوراسٹیج ڈرامہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے،26جون کو بین الاقوامی سطح پر انسداد منشیات و ترسیل کا دن منایا جاتا ہے تاہم عوام کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنے کیلئے یہ بہترین موقع تصور کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے حصول کیلئے کوشاں اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان 25 جون 2018 کو راولپنڈی آرٹس کونسل کے اشتراک سے منشیات سے آ گاہی کیلئے ایک پینٹنگ کمپٹیشن کا انعقاد کر رہی ہے۔یہ تقریب راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس، میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری) ہونگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرنمایاں پوزیشنوںکے حامل شرکاء کو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔اسی طرح 26 جون 2018 کو اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان راولپنڈی آرٹس کونسل کے اشتراک سے آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں ایک اسٹیج ڈرامہ " اندھیری راہ کا مسافر" پیش کر رہی ہے جس کا مقصد عوام الناس کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہے۔جبکہ مری آرٹس کونسل، جناح روڈ، مری کے آڈیٹوریم میں راولپنڈی آرٹس کونسل، پتن لوک ناٹک، ایم ایسوسی ایشن اور اے این ایف کے اشتراک سے منشیات کے نقصانات کے موضوع پر ایک اور ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا۔

اس پینٹنگ کمپٹیشن اور اسٹیج ڈراموں کا مقصد انسداد منشیات و ترسیل کے عالمی دن کو منانا، عوام الناس کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور نوجوان نسل کو صحت بخش سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیشنل اینٹی نارکوٹکس پالیسی 2010 تمام وفاقی اور صوبائی اداروں پر خصوصی زور دیتی ہے کہ وہ جاں نثاری، لگن اور محنت سے ملک سے منشیات کے خاتمے کیلئے تعاون فراہم کریں گی۔منشیات کے خلاف اس جنگ میں منزل مقصود "منشیات سے پاک معاشرہ"ہے۔