مسلم لیگ (ن) کا عوام سے رشتہ اعتماد اور اعتبار کا ہے،فریال چودھری

اتوار جون 22:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کا عوام سے رشتہ صرف ووٹ کا نہیں بلکہ اعتماد اور اعتبار کا ہے جس کو کبھی ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی ترقی، بجلی بحران کے خاتمے اور عوام کی خوشحالی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں انہیں عوام نظر انداز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار جوائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ فریال چودھری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی خدمت کی جو مخالفین کو ہضم نہ ہوئی تو انہوں نے لیگی قائدین کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں لیکن قائدین نے جرأت اور ثابت قدمی سے مخالفین کی تمام سازشوں کا مقابلہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا اور اب بھی خواتین کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف کی طرف سے انتخابی مہم چلانے کی ہدایت پر لبیک کہتی ہوں ، خواتین کارکن لیگی امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے پر عزم ہیں، امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے انتخابی مہم کا زور و شور سے آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 2013 کی طرح 2018ء کے عام انتخابات میں بھی ملک کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرتے ہوئے مسلم لیگ کو ووٹ دے کر اپنے ووٹ کو عزت دیں گے۔