سعودی فورسز نے دارالحکومت ریاض پر فائر کئے گئے میزائل فضاء میں تباہ کر دیئے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار جون 23:12

سعودی فورسز نے دارالحکومت ریاض پر فائر کئے گئے میزائل فضاء میں تباہ ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جون۔2018ء) سعودی فورسز نے دارالحکومت ریاض پر حوثیوں باغیوں کی جانب سے فائر کئے گئے بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیئے ہیں۔ عرب اخبارات کے مطابق یمن میں موجود حوثی باغیوں نے ہفتے کی رات یکے بعد دیگرے کئی میزائل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر فائر کئے۔ جنہیں سعودی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضاء میں ہی تباہ کر دیا۔

(جاری ہے)



میزائلوں کی فضاء میں تباہی سے پورا شہر زور دار دھماکوں کی آوازوں سے گونج اُٹھا اور شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے۔ اس دوران شہریوں نے سوشل میڈیا پر تبصرے کرنے شروع کر دیئے لیکن کچھ دیر بعد ہی سعودی حکام نے اس بارے وضاحت کر دی کہ ان دھماکوں کی آواز حوثیوں کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کو فضاء میں تباہ کرنے کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ یاد رہے کہ یمنی حوثی باغی اکثر یمن و سعودی سرحد کے قریبی علاقوں پر میزائل پھینکتے ہیں جنہیں سعودی فورسز فضاء میں ہی تباہ کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔ عید سے چند روز پہلے ایسے ہی ایک میزائل حملے میں پاکستانی شہری سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔