مرین کلچ نے دوسری مرتبہ کوئنز کلب ٹینس چیمپئن شپ جیت لی، فائنل میں نوویک جوکووچ کو شکست

پیر 25 جون 2018 11:54

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) کروشیا کے نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈد مرین کلچ نے دوسری مرتبہ کوئنز کلب ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ انہوں نے فائنل میں سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور 12 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن نوویک جوکووچ کو شکست دیکر ٹاٹئل اپنے نام کیا۔ لندن میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں کروشیا کے مارین کلچ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سربین سٹار اور 12 مرتبہ کے گرینڈسلام چیمپئن جوکووچ کو پہلے سیٹ میں 5-7 کی شکست کے باوجود اگلے سٹریٹ سیٹس میں 7-6(7-4) اور 6-3 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل مقابلہ 2 گھنٹے اور 57 منٹ تک جاری رہا۔ ٹورنامنٹ فائنل میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاتح کھلاڑی مرین کلچ نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں اپنے نام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن سے قبل یہ کامیابی انکے لئے بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے فائدہ انکو سال کے تیسرے گرینڈ سلام میں ضرور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوویک جوکووچ کا شمار ٹینس کے نامور کھلاڑیوں میں ہوتا ہے اور انکو شکست دینا آسان نہیں تھا تاہم انہوں نے درست شارٹس کا استعمال ٹھیک وقت پر کیا جس کا صلہ انکو جیت کی صورت میں ملا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور تیسرا گرینڈ سلام جیتنے کے لئے پرامید ہیں۔

متعلقہ عنوان :