مقبوضہ کشمیرمیںنوجوانوں کی شہادت پر مکمل ہڑتال، احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے سخت پابندیاں، موبائل ، انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز معطل

پیر 25 جون 2018 11:54

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ ، اسلام آباد اور کولگام میںنوجوانوں کی شہادت پر پیر کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ علاقے میں تمام دکانیں ، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے گزشتہ روز ضلع کولگام کے علاقے قیموہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران دونوجوانوں کوجبکہ احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کیا تھا۔ قابض انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے وادی کشمیر بالخصوص جنوبی کشمیر میں سخت پابندیاں عائد کرررکھی ہیں اور موبائل فون اورانٹرنیٹ سروسز معطل کردی ہیں۔ قابض انتظامیہ نے علاقے میں ٹرین سروس بھی معطل کردی۔بھارتی پولیس نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کرلیا ہے۔