مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے یاسین ملک کو گرفتار کرلیا

پیر 25 جون 2018 11:54

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پیر کی صبح گرفتار کرکے سرینگر کے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں نظربند کردیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس اہلکاروںنے یاسین ملک کو مائسمہ سرینگر میںان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن میں نظربند کیا۔

ادھر پولیس نے حریت رہنماء پیپلز پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین انجینئر ہلال احمدوار کو بھی ان کی رہائش گاہ پر نظربند کردیا ہے۔ بھارتی پولیس نے مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے وادی کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے قتل کے خلاف احتجاج کیلئے ہڑتال کی کال کو ناکا م بنانے کیلئے حریت رہنمائوں کو گرفتار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

دریںاثنا تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے سرینگر میں جاری ایک بیان حریت رہنماء اورپارٹی کے سربراہ بلال احمد صدیقی کی مسلسل نظربندی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قراردیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قابض حکام اوربھارتی پولیس نے حریت رہنمائوںکے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے انکی نقل و حرکت اور پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے ۔ تاہم انہوںنے کہاکہ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری حریت قائدین کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔