مسلم لیگ کی طرف سے آسیہ انداربی کی گرتی ہوئی صحت پر اظہارتشویش

آسیہ اندرابی کو جیل میں علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا

پیر 25 جون 2018 12:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںمسلم لیگ جموںوکشمیر نے سرینگر سینٹرل جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی گرتی ہوئی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ انکی فوری رہائی پر زوردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ آسیہ اندرابی کو جیل میں علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا جس کی وجہ سے وہ متعدد عارضوں میںمبتلا ہو گئی ہیں اور انکی حالت انتہائی ابتر ہے ۔

انہوںنے کہاکہ قابض انتظامیہ کشمیری حریت قائدین کومسلسل غیر قانونی طورپر نظربند رکھ کر بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آسیہ اندرابی پہلے ہی کئی امراض میںمبتلا ہیں اور اگر انہیں فوری طورپر علاج معالجے کی سہولت فراہم نہ کی گئی تو انکی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ۔ سجاد ایوبی نے بھارتی قابض انتظامیہ کو خبردار کیاکہ اگر آسیہ کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا یا انہیں کوئی گزند پہنچی تو اس کی تمام تر ذمہ داری اس پر عائد ہوگی جس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںبشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل، حقوق نسواں کے اداروں اور دیگرتنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آسیہ انداربی اور فہمیدہ صوفی کی جلد از جلد رہائی کیلئے بھارت پردبائو ڈالیں۔